کراچی: عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی کے اثرات پاکستان تک بھی پہنچ گئے ہیں، جہاں مقامی صرافہ بازار میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 14 ہزار 900 روپے سستا ہو گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 4 لاکھ 38 ہزار 36 روپے ہو گئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 13 ہزار 410 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 74 ہزار 205 روپے مقرر کی گئی ہے۔
عالمی منڈی میں بھی سونے کی قیمتیں دباؤ کا شکار ہیں۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسپاٹ گولڈ 0.8 فیصد کمی کے بعد 4,174.50 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ کر رہا ہے، جبکہ امریکی فیوچرز میں بھی 1.2 فیصد کمی سامنے آئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی ڈالر کی مضبوطی اور فیڈرل ریزرو کی سخت مالیاتی پالیسی سونے کی قیمتوں میں کمی کی بنیادی وجوہات ہیں۔ ان کے مطابق بلند شرح سود کا برقرار رہنا ایسے اثاثوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہا ہے جو براہ راست منافع نہیں دیتے، جیسے سونا۔
رپورٹ میں یہ امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر یہی صورتحال جاری رہی تو عالمی سطح پر سونا مزید گراوٹ کا شکار ہو کر 4 ہزار ڈالر فی اونس کی حد سے بھی نیچے آ سکتا ہے۔
دوسری جانب ماہرین کے مطابق جیوپولیٹیکل حالات اور امریکہ میں مہنگائی سے متعلق آنے والی تازہ رپورٹس سونے کی آئندہ قیمتوں کے تعین میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔