Wed, September 16, 2026

مقامی اور عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی

مقامی اور عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی

کراچی: گزشتہ روز اپنی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق بدھ کو 24 قیراط سونا فی تولہ 2,400 روپے کی کمی کے بعد 3 لاکھ 88 ہزار 600 روپے پر بند ہوا، جو منگل کو 3 لاکھ 91 ہزار روپے کی بلند ترین سطح پر تھا۔

اسی طرح 10 گرام 24 قیراط سونے کی قیمت میں 2,058 روپے کی کمی آئی، جس کے بعد یہ 3 لاکھ 33 ہزار 161 روپے رہ گئی۔ 22 قیراط کے 10 گرام سونے کی قیمت بھی 1,887 روپے کم ہوکر 3 لاکھ 5 ہزار 408 روپے پر آگئی، جو منگل کو 3 لاکھ 7 ہزار 295 روپے تھی۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی کا رجحان جاری رہا، جہاں فی اونس قیمت 24 ڈالر گھٹ کر 3,668 ڈالر ہو گئی، جو گزشتہ دن 3,692 ڈالر تھی۔

چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھی گئی ہے۔ فی تولہ 24 قیراط چاندی 109 روپے کم ہوکر 4,387 روپے پر پہنچ گئی، جب کہ 10 گرام چاندی کی قیمت 93 روپے کی کمی کے بعد 3,761 روپے رہی۔ عالمی مارکیٹ میں چاندی کی فی اونس قیمت 1.09 ڈالر کی کمی کے ساتھ 41.60 ڈالر پر آگئی، جو منگل کو 42.69 ڈالر تھی۔

ٹیگز: