Wed, September 16, 2026

این ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں کے دوران سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا، مختلف علاقوں میں خطرات

این ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں کے دوران سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا، مختلف علاقوں میں خطرات

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 19 سے 25 جولائی تک مون سون بارشوں کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں سیلابی صورتحال کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں 25 جولائی تک وقفے وقفے سے بارشوں کی توقع ہے، جس کی وجہ سے دریائے کابل، سوات، پنجکوڑہ، کالپنی نالہ اور بارہ نالہ میں طغیانی کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

اس کے علاوہ، نوشہرہ، مالاکنڈ، سوات، دیر اور بالائی پہاڑی علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات ظاہر کیے گئے ہیں۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں، بشمول راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، خانیوال، ساہیوال، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، تونسہ، راجن پور، بہاولپور اور رحیم یار خان میں بھی شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے، خاص طور پر نشیبی علاقوں میں جہاں زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔

سندھ کے اضلاع میں، بشمول کراچی، حیدرآباد، سکھر، جیکب آباد، ٹھٹھہ، بدین، لاڑکانہ، جامشورو، نوابشاہ اور میرپورخاص میں بارشیں متوقع ہیں۔ اس سے سندھ کے شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، اور سڑکوں، گلیوں، اور انڈرپاسز میں پانی جمع ہونے کا اندیشہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تیز بہاؤ والے ندی نالوں، پلوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے گزرنے سے گریز کیا جائے۔ مزید برآں، سیلاب کی ممکنہ صورتحال کے پیش نظر نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو اپنے قیمتی سامان اور مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے اور متعلقہ ادارے مکمل طور پر صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور بروقت اقدامات کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔

ٹیگز: