Wed, September 16, 2026

ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور سیلاب کا خطرہ، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور سیلاب کا خطرہ، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

اسلام آباد: این ڈی ایم اے نے اگلے تین سے چار دن کے دوران ملک کے کئی حصوں میں مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ادارے کے مطابق آج سے لے کر 5 جولائی تک کشمیر، اسلام آباد، پوٹھوہار ریجن، شمالی اور وسطی خیبر پختونخوا میں بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث پشاور، چارسدہ، نوشہرہ اور کوہاٹ میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ راولپنڈی، اسلام آباد، اٹک اور چکوال میں آج رات 9 بجے سے صبح 4 بجے تک شدید بارش ہو سکتی ہے، جب کہ جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال اور لاہور میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔

فیصل آباد اور سرگودھا کے نشیبی علاقوں میں بھی پانی جمع ہونے اور شہری سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں جیسے ہزارہ، مالاکنڈ، آزاد کشمیر اور پیر پنجال میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔

اس کے علاوہ دریائے کابل، دریائے سوات، چترال اور ہنزہ کے ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ بڑھنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

سندھ میں 2 سے 5 جولائی کے دوران کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور بدین میں شدید بارشیں متوقع ہیں، جن سے خاص طور پر حیدرآباد اور ٹھٹھہ میں سیلاب آنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ بارش اور طوفان کے دوران کمزور دیواروں، بجلی کے کھمبوں اور درختوں کے قریب نہ جائیں۔ تیز آندھی سے حدِ نگاہ کم ہونے کے باعث حادثات بھی پیش آ سکتے ہیں۔

ادارے نے تمام متعلقہ محکموں اور عوام سے کہا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں۔

ٹیگز: