کیلیفورنیا: ایکس (سابقہ ٹوئٹر) نے اپنے پلیٹ فارم پر جدید طرز کا ویڈیو پلیئر متعارف کرا دیا ہے، جس کا مقصد صارفین کو زیادہ ہموار اور بہتر ویڈیو اسٹریمنگ تجربہ فراہم کرنا ہے۔
کمپنی گزشتہ چند ماہ سے ویڈیو سروس کو اپ گریڈ کرنے پر کام کر رہی تھی۔ ایکس کے پراڈکٹ ہیڈ نکیتا بیئر نے اس اپ ڈیٹ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پرانا ویڈیو پلیئر جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں تھا، اسی لیے اسے نئے انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
نیا ڈیزائن خاص طور پر موبائل صارفین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔ آئی او ایس ڈیوائسز استعمال کرنے والے افراد اب ایک بٹن کے ذریعے ویڈیو کو فل اسکرین انداز میں دیکھ سکیں گے، جو کہ ٹک ٹاک کے طرز سے مشابہ ہے اور مختصر ویڈیوز دیکھنے کو مزید آسان بناتا ہے۔
یہ اپ ڈیٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ٹک ٹاک کو امریکا میں سرمایہ کاروں کے ایک گروپ نے خرید لیا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ایکس اس پیش رفت کے ذریعے خود کو ویڈیو شیئرنگ مارکیٹ میں ایک مضبوط حریف کے طور پر منوانا چاہتا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 2025 میں ایکس نے ورٹیکل ویڈیو فیڈ بھی متعارف کرائی تھی، جس کا مقصد صارفین کو جدید اور متحرک ویڈیو تجربہ فراہم کرنا تھا۔