کوئٹہ : بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی موسلا دھار بارش نے تباہی مچا دی۔ ہرنائی میں ایک گھر کی چھت گرنے سے خاتون اور بچہ جاں بحق ہو گئے، جبکہ ایک اور خاتون زخمی ہوئی ہے۔
محکمہ پی ڈی ایم اے کے مطابق ہرنائی کے علاقے گاچینہ میں تیز بارش کے بعد نالہ بھر گیا جس میں تین افراد بہہ گئے، جن میں سے دو کو زندہ بچا لیا گیا جبکہ ایک بچے کی تلاش جاری ہے۔
بارش سے سوراب میں بھی بڑی تعداد میں گھر متاثر ہوئے ہیں، ابتدائی رپورٹ کے مطابق 115 سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔
ادھر کچھی کے علاقے میں شدید بارش کے باعث کوئٹہ-سبی قومی شاہراہ بند کر دی گئی ہے۔ بولان ندی میں پانی کے بہاؤ سے بی بی نانی پل کو نقصان پہنچا ہے، جس پر حکام نے شہریوں سے غیر ضروری سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
بارشوں کے پیش نظر تمام سرکاری اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔ ڈیرہ بگٹی میں ایف سی اہلکاروں نے بارش کے دوران عوام کی مدد کرتے ہوئے ریلیف فراہم کیا۔
مزید بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔ جن علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے اُن میں خضدار، آواران، گوادر، لسبیلہ، پسنی، پنجگور، کیچ، قلعہ سیف اللہ، ژوب، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل، لورالائی اور کوہلو شامل ہیں۔