کراچی: شہر قائد میں گزشتہ رات سے شروع ہونے والی ہلکی بارش صبح کے وقت موسلادھار بارش میں تبدیل ہوگئی، جس کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں پانی جمع ہوگیا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بارش کے باعث طارق روڈ، لیاقت آباد، نارتھ ناظم آباد، کلفٹن، ڈیفنس، شارع فیصل، ملیر، لانڈھی، کورنگی، گلشن اقبال، گلستان جوہر، سرجانی ٹاؤن، منگھو پیر، نارتھ کراچی اور دیگر علاقوں میں سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں۔ جگہ جگہ پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور کئی موٹر سائیکلیں بند ہوگئیں۔
بارش کے ساتھ ساتھ شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی بھی غائب ہوگئی۔ کئی فیڈرز ٹرپ ہونے سے کئی گھنٹوں سے بجلی بند ہے، جس سے شہریوں کو مزید پریشانی کا سامنا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم سندھ میں موجود ہے اور آئندہ چوبیس گھنٹوں تک بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔ کراچی کے علاوہ ملک کے دیگر علاقوں جیسے کشمیر، گلگت بلتستان، مری، گلیات، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، تھرپارکر اور عمرکوٹ میں بھی شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
مقامی انتظامیہ اور محکمہ موسمیات نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بارش کے دوران احتیاط برتیں۔