اسلام آباد: موجودہ ملکی صورتحال کے پیشِ نظر وزارتِ داخلہ میں اہم اجلاس طلب کرلیا گیا ہے، جس کی صدارت وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، جبکہ بالخصوص اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت جڑواں شہروں اور دیگر حساس علاقوں کی سکیورٹی صورتحال زیرِ غور آئے گی۔
اجلاس میں امن و امان کو ہر ممکن حد تک برقرار رکھنے کے لیے حکمتِ عملی پر غور کیا جائے گا، جبکہ مختلف سکیورٹی اور انتظامی اداروں کے درمیان رابطہ کاری مزید مؤثر بنانے کے اقدامات بھی زیرِ بحث آنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں موجودہ صورتحال کے تناظر میں ممکنہ چیلنجز سے نمٹنے اور عوام کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔