کیلیفورنیا: دنیا بھر میں ویڈیوز دیکھنے کے لیے مقبول یوٹیوب پلیٹ فارم کو عام طور پر طویل ویڈیوز کے مرکز کے طور پر جانا جاتا ہے، تاہم چند سال قبل کمپنی نے مختصر ویڈیوز کے رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے "یوٹیوب شارٹس" متعارف کرائے۔
سال 2020 میں شروع کیے گئے شارٹس نے تیزی سے مقبولیت حاصل کی، لیکن کچھ صارفین مختصر ویڈیوز کی مسلسل اسکرولنگ کو پسند نہیں کرتے۔ کئی افراد کے لیے یہ مواد وقت زیادہ خرچ کرنے کا سبب بن جاتا ہے، کیونکہ ایک کے بعد دوسری ویڈیو دیکھتے ہوئے وقت گزرنے کا اندازہ نہیں رہتا۔
اب صارفین یوٹیوب کی سیٹنگز میں تبدیلی کرکے اپنی فیڈ میں شارٹس کی موجودگی کو محدود کر سکتے ہیں۔ اگرچہ یوٹیوب نے شارٹس کو مکمل طور پر بند کرنے کے لیے کوئی براہ راست بٹن متعارف نہیں کرایا، لیکن ٹائم مینجمنٹ فیچر کے ذریعے اسے کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔
اس کے لیے صارف کو موبائل میں یوٹیوب ایپ کھول کر نیچے موجود "You" سیکشن میں جانا ہوگا، جہاں گیئر آئیکون پر کلک کرکے سیٹنگز کھولیں۔ اس کے بعد "Time Management" کے آپشن میں جا کر "Shorts Feed Limit" کو فعال کریں اور وقت کی حد صفر منٹ مقرر کر دیں۔
سیٹنگ مکمل ہونے کے بعد یوٹیوب کی ہوم فیڈ پر اسکرولنگ کے دوران شارٹس ویڈیوز کا سیکشن ظاہر نہیں ہوگا۔ تاہم نیچے موجود شارٹس ٹیب اپنی جگہ برقرار رہے گا اور صارف اگر "Ignore limit for today" کے آپشن کو منتخب کرے گا تو شارٹس دوبارہ دیکھ سکے گا۔
یہ سہولت فی الحال یوٹیوب کی موبائل ایپ، یعنی اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے دستیاب ہے، جبکہ یوٹیوب کے کمپیوٹر ورژن میں یہ آپشن شامل نہیں کیا گیا۔