Wed, September 16, 2026

اداکارہ زائرہ وسیم شادی کے بندھن میں بندھ گئیں

اداکارہ زائرہ وسیم شادی کے بندھن میں بندھ گئیں

ممبئی : بالی وُڈ کی مشہور فلم دنگل سے شہرت حاصل کرنے والی سابق اداکارہ زائرہ وسیم نے شادی کر لی ہے۔

زائرہ نے اپنے نکاح کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کر کے مداحوں کو اس خوشخبری سے آگاہ کیا۔ شیئر کی گئی تصاویر میں ایک موقع پر وہ نکاح نامے پر دستخط کرتی ہوئی نظر آتی ہیں جبکہ دوسری تصویر میں وہ اپنے شوہر کے ہمراہ رات کے وقت آسمان تلے کھڑی دکھائی دے رہی ہیں۔ زائرہ نے سرخ دوپٹہ اوڑھ رکھا ہے، جبکہ دولہا کریم رنگ کی شیروانی میں ملبوس ہے۔ سادہ اور باوقار تصاویر نے سوشل میڈیا پر خوب توجہ حاصل کی ہے۔

یاد رہے کہ زائرہ وسیم نے 2019 میں مذہبی وجوہات کی بنیاد پر شوبز کو خیرباد کہہ دیا تھا۔ انہوں نے کم عمری میں فلم دنگل میں اپنی شاندار کارکردگی سے نیشنل فلم ایوارڈ حاصل کیا، بعد ازاں فلم سیکرٹ سپر اسٹار میں مرکزی کردار ادا کر کے مزید شہرت پائی۔

شوبز سے کنارہ کشی کے بعد زائرہ نے سوشل میڈیا پر صرف مذہبی اور فکری نوعیت کے پیغامات شیئر کیے، اور اپنی نجی زندگی کو ہمیشہ پردے میں رکھا۔ ان کی حالیہ پوسٹ ان کی پہلی بڑی ذاتی اپ ڈیٹ سمجھی جا رہی ہے، جس پر مداحوں کی جانب سے مبارکبادوں اور دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔

ٹیگز: