Wed, September 16, 2026

بھارتی منافقت بے نقاب: پاکستان کا افغانستان میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی پر بھارتی بیان مسترد

بھارتی منافقت بے نقاب: پاکستان کا افغانستان میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی پر بھارتی بیان مسترد

اسلام آباد : پاکستان کے دفترِ خارجہ نے افغانستان میں دہشت گردی کے ڈھانچے کے خلاف پاکستانی کارروائیوں پر بھارتی وزارتِ خارجہ کے تبصرے کو "گمراہ کن اور بلا جواز" قرار دیتے ہوئے یکسر مسترد کر دیا ہے۔ترجمان دفترِ خارجہ نے بھارتی ردِعمل کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی بھارتی سرپرستی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔ بھارت کا یہ بیان اس کے تاریخی تخریبی کردار اور "کھلی منافقت" کی عکاسی کرتا ہے۔
پاکستان نے واضح کیا کہ ایک ایسی ریاست جو خود عالمی قوانین اور اقوامِ متحدہ کے منشور کی دھجیاں اڑاتی رہی ہے، اسے دوسروں کی خودمختاری پر بات کرنے کا کوئی حق نہیں۔ ترجمان کے مطابق     بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو مسلسل دبا رہا ہے۔    بھارتی قیادت سیاسی مقاصد کے لیے اسلاموفوبیا کو ہوا دے کر اپنی ہی مسلم آبادی کو تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے۔    بھارت ان قوتوں کا حامی ہے جو ہزاروں بے گناہ فلسطینیوں کے قتلِ عام میں ملوث ہیں۔
دفترِ خارجہ نے بھارت کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے پابندی یافتہ دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی سے باز رہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت کو چاہیے کہ وہ پاکستان کی کامیاب انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں پر بے جا واویلا بند کرے اور اپنے گریبان میں جھانکے۔

ٹیگز: