تہران : اسلامی جمہوریہ ایران سے انتہائی افسوسناک اور بڑی خبر سامنے آئی ہے جہاں ملک کی اہم ترین شخصیت اور سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی ایک حملے میں اپنے بیٹے سمیت شہید ہو گئے ہیں۔ ایرانی میڈیا نے اس دلخراش واقعے کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔
اطلاعات کے مطابق علی لاریجانی، جنہیں سپریم لیڈر کے بعد ایران کا دوسرا اہم ترین اور بااثر رہنما تصور کیا جاتا تھا، ایک قاتلانہ حملے کا نشانہ بنے۔ اس حملے میں ان کے صاحبزادے بھی ان کے ہمراہ تھے، جو موقع پر ہی جامِ شہادت نوش کر گئے۔ ایرانی حکام نے اس واقعے کو ملک کی سلامتی پر بڑا حملہ قرار دیا ہے۔
علی لاریجانی کے آفیشل سوشل میڈیا (ایکس) اکاؤنٹ سے ان کی شہادت سے کچھ دیر قبل ایک پیغام جاری کیا گیا جو اب سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ اس پیغام میں کہا گیا کہ "خدا کا بندہ خدا سے جا ملا"۔ اس مختصر مگر جامع پیغام کو ان کا آخری پیغام قرار دیا جا رہا ہے، جس نے پوری ایرانی قوم اور ان کے چاہنے والوں کو سوگوار کر دیا ہے۔