Wed, September 16, 2026

لوگوں کو انصاف دینا ہماری اولین ترجیح ہے، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی

لوگوں کو انصاف دینا ہماری اولین ترجیح ہے، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی

پشاور: چیف جسٹس آف پاکستان، جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ عدلیہ کی سب سے اہم ذمہ داری عوام کو انصاف دینا ہے، اور یہی ہماری سب سے بڑی ترجیح ہے۔ وہ پشاور ہائی کورٹ بار سے خطاب کر رہے تھے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ بار اور بنچ (وکلا اور ججز) کو کوئی ایک دوسرے سے جدا نہیں کر سکتا، دونوں کو ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ قانون کی حکمرانی کو مضبوط کیا جا سکے۔ انہوں نے نوجوان وکلا پر زور دیا کہ وہ سینئر وکلا کے نقش قدم پر چلیں اور عدالتی نظام کی بہتری کے لیے آگے آئیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ پشاور میں نیا کچہری کمپلیکس تعمیر کیا جا رہا ہے، اور وکلا و ججز کو بہتر سہولیات دینے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ چیف جسٹس نے مرحوم سینئر وکلا جیسے عبداللطیف آفریدی اور بیرسٹر ظہور الحق کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے رہنما ہمیں ہمیشہ راستہ دکھاتے ہیں۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ماتحت عدالتوں کو جن مشکلات کا سامنا ہے، وہ ہمیں معلوم ہیں، اور ہم ان کے حل کے لیے سنجیدہ ہیں۔ ہمارا ہر قدم انصاف اور قانون کی حکمرانی کے لیے اٹھے گا۔

اس موقع پر قائم مقام چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ، جسٹس سید محمد عتیق شاہ نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی شرکت ہمارے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت ماتحت عدالتوں میں تقریباً 2 لاکھ 36 ہزار کیسز زیر التوا ہیں، جن میں فیملی مقدمات کی بڑی تعداد شامل ہے۔

جسٹس عتیق شاہ نے کہا کہ ان مقدمات کو جلد نمٹانے کے لیے بار اور عدلیہ دونوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جونیئر وکلا کی تربیت کے لیے جوڈیشنل اکیڈمی میں اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ بہتر طریقے سے عوام کو انصاف فراہم کر سکیں۔

ٹیگز: