لاہور: لاہور چڑیا گھر انتظامیہ نے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے اور وزیٹرز کی تعداد میں اضافہ کرنے کے لیے تفریحی سہولتوں پر 50 فیصد رعایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس فیصلے کے تحت ریپٹائلز ہاؤس اور فش ایکوریم کی 200 روپے کی ٹکٹ اب صرف 100 روپے میں دستیاب ہوگی۔ اسی طرح ہالوورس، مکسڈ اور ورچوئل رئیلٹی جیسی جدید سہولتوں پر بھی رعایت دی جائے گی۔
چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق ان سہولتوں کی صفائی اور مرمت جاری ہے اور جلد ہی انہیں عوام کے لیے دوبارہ کھولا جائے گا۔
یہ فیصلہ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (C-WMC) کی باقاعدہ منظوری سے کیا گیا ہے۔ انٹری ٹکٹ اور پارکنگ فیس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ واضح رہے کہ نجی کمپنی کے علیحدہ ہونے کے بعد ٹکٹنگ کا انتظام اب چڑیا گھر انتظامیہ خود سنبھال رہی ہے۔