Wed, September 16, 2026

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قومی یکجہتی فیصلہ کن ثابت ہوئی:عطا تارڑ

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قومی یکجہتی فیصلہ کن ثابت ہوئی:عطا تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ہر طبقے نے قربانیاں دیں، جبکہ موجودہ دور میں انفارمیشن وارفیئر اور مؤثر بیانیہ قومی مفادات کے تحفظ کے لیے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔

اسلام آباد میں ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ کسی بھی معاملے میں تاثر اور حقیقت کے درمیان ہم آہنگی ضروری ہے۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی کامیابیاں حاصل کیں، جنہیں مؤثر انداز میں دنیا کے سامنے اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2017 میں وطن عزیز سے دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ ہوچکا تھا۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت مؤثر حکمت عملی اختیار کی گئی اور انسداد دہشت گردی کے ریاستی فیصلے پر تمام اسٹیک ہولڈرز نے بھرپور تعاون کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف سیکیورٹی اداروں کی نہیں بلکہ پوری قوم کی جنگ تھی۔ سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عام شہریوں نے اس جنگ میں قیمتی جانوں کی قربانیاں پیش کیں۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں جنگ کے محاذ بدل چکے ہیں اور انفارمیشن وارفیئر کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔ پاکستان کے مؤقف اور قربانیوں کو حقائق کی بنیاد پر مؤثر انداز میں دنیا تک پہنچانا ضروری ہے۔

ٹیگز: