Wed, September 16, 2026

پاکستان عالمی سطح پر دہشت گردی کے خلاف مضبوط دفاعی مورچہ ہے، آزادی اظہار دہشت گردی کے خلاف دیوار ہے:طلال چودھری

 پاکستان عالمی سطح پر دہشت گردی کے خلاف مضبوط دفاعی مورچہ ہے، آزادی اظہار دہشت گردی کے خلاف دیوار ہے:طلال چودھری

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات طلال چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عالمی سطح پر ایک مضبوط اور فعال مورچہ قائم کر رکھا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک میں آزادی اظہار کو خاموشی کے طور پر نہیں بلکہ دہشت گردی کیخلاف دفاع کی مضبوط دیوار کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے ٹی ٹی پی اور آئی ایس کے پی پر پابندیاں عائد کی ہیں جبکہ امریکہ اور برطانیہ نے بلوچ لبریشن آرمی کو دہشت گرد تنظیم قرار دے رکھا ہے۔ طلال چودھری نے کہا کہ دہشت گرد تنظیمیں نوجوانوں کی بھرتی کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال کر رہی ہیں اور اس حوالے سے 2417 شکایات زیر غور ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو ہدایت کی ہے کہ وہ مصنوعی ذہانت کی مدد سے دہشت گرد مواد کو فوری ہٹائیں تاکہ نوجوانوں کو اس خطرے سے بچایا جا سکے۔

بیرسٹر عقیل نے کہا کہ دہشت گرد پروپیگنڈا پاکستان کے پیکا قانون کے تحت ناقابل معافی جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو چاہیے کہ وہ دہشت گرد اکاؤنٹس کی خودکار بلاکنگ کریں اور حکومت کو صارفین کے ڈیٹا تک رسائی دیں تاکہ موثر کارروائی کی جا سکے۔

حکومت نے غیر ملکی سوشل میڈیا کمپنیوں کو پاکستان میں دفاتر قائم کرنے کی دعوت دی ہے تاکہ ڈیٹا شیئرنگ اور تعاون کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ پاکستان نے عالمی برادری سے ڈیجیٹل دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کی اپیل کی ہے۔

ٹیگز: