Wed, September 16, 2026

پاکستان و بھارت میں شدید سیلاب، اقوامِ متحدہ اور پوپ کی جانب سے افسوس اور ہمدردی

پاکستان و بھارت میں شدید سیلاب، اقوامِ متحدہ اور پوپ کی جانب سے افسوس اور ہمدردی

نیویارک : حالیہ دنوں میں پاکستان اور بھارت میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ اس صورتِ حال پر اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان یا بھارت مدد مانگیں تو اقوامِ متحدہ فوری طور پر امداد دینے کے لیے تیار ہے۔

اقوامِ متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیکرٹری جنرل نے ان تمام خاندانوں سے تعزیت کی ہے جن کے پیارے اس آفت میں جان کی بازی ہار گئے۔ انہوں نے متاثرہ افراد کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔

پاکستان میں خاص طور پر خیبرپختونخوا شدید متاثر ہوا ہے، جہاں صرف دو دنوں میں 323 افراد جان سے گئے۔ ملک بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 657 تک پہنچ گئی ہے۔ اس کے علاوہ ہزاروں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں اور کئی علاقوں میں معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہیں۔

یہ بھی یاد رہے کہ 2022 میں جب پاکستان میں بدترین سیلاب آیا تھا، تب بھی اقوامِ متحدہ کے سربراہ خود متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے آئے تھے تاکہ حالات کا جائزہ لے سکیں۔

دوسری جانب، دنیا بھر کے مسیحی مذہب کے روحانی پیشوا پوپ لیو چہار دہم نے بھی پاکستان، بھارت اور نیپال میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لیے دعائیں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان سب کے ساتھ دلی ہمدردی رکھتے ہیں جو اس قدرتی آفت کی وجہ سے تکلیف میں ہیں۔

ٹیگز: