اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ایک بار پھر عالمی سفارتکاری کے نقشے پر جگمگانے کے لیے تیار ہے۔ ایران اور امریکہ کے درمیان متوقع 'دوسری بیٹھک' کے لیے شہرِ اقتدار کو کسی دلہن کی طرح سجایا جا رہا ہے، جہاں ایک طرف تزویراتی تیاریاں جاری ہیں تو دوسری جانب شہر کا حسن نکھارنے کا کام بھی عروج پر ہے۔
سی ڈی اے (CDA) نے شہر کی میزبانی کو یادگار بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔ اہم شاہراہوں اور گرین بیلٹس پر شجرکاری کے ساتھ ساتھ انہیں خوبصورت پھولوں سے مہکا دیا گیا ہے۔رات کے وقت وفاقی دارالحکومت کی سڑکیں جدید لائٹس کی بدولت دلکش منظر پیش کر رہی ہیں، جو غیر ملکی وفود کے لیے خیر مقدمی پیغام ہے۔
انتہائی حساس سفارتی سرگرمیوں کے پیشِ نظر سکیورٹی کو غیر معمولی طور پر سخت کر دیا گیا ہے۔اسلام آباد پولیس کی مدد کے لیے پنجاب پولیس کی بھاری نفری طلب کر لی گئی ہے، جنہیں شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور حساس مقامات پر تعینات کیا جا رہا ہے۔ضلعی انتظامیہ نے ایک مربوط سکیورٹی پلان فائنل کر لیا ہے تاکہ وی آئی پی موومنٹ کے دوران کوئی خلل پیدا نہ ہو۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکراتی عمل شروع ہوتے ہی سکیورٹی حصار کو مزید کڑا کر دیا جائے گا۔ عوامی سہولت اور ٹریفک کی بلا تعطل روانی کے لیے مذاکرات کے ایام میں اسلام آباد میں عام تعطیل کا اعلان بھی متوقع ہے۔ شہر کی یہ بدلی ہوئی صورتحال اس بات کی غماز ہے کہ پاکستان ایک بار پھر عالمی تنازعات کے حل کے لیے ایک محفوظ اور بہترین میزبان کے طور پر ابھرا ہے