کراچی/ لاہور:پاکستان سے سالِ رواں کے حج آپریشن کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے، جس کے تحت عازمینِ حج کی پہلی کھیپ کراچی سے روانہ کر دی گئی ہے۔ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منعقدہ تقریب میں 160 عازمینِ حج کو پھولوں کے ہار پہنا کر اور نیک تمناؤں کے ساتھ الوداع کیا گیا۔
وزارتِ مذہبی امور نے عازمین کی سہولت کے لیے فلائٹ آپریشن کا جامع شیڈول جاری کر دیا ہے۔ سرکاری حج اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 468 پروازیں عازمین کو لے کر سعودی عرب جائیں گی۔ کراچی سے پہلی پرواز کی روانگی کے بعد آج لاہور، سیالکوٹ اور ملتان سے بھی حج پروازیں اپنے سفر کا آغاز کریں گی۔
ملک بھر کے ایئرپورٹس پر عازمین کے لیے خصوصی ڈیسک قائم کیے گئے ہیں جہاں وزارتِ مذہبی امور اور ایوی ایشن حکام عازمین کی رہنمائی کر رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ تمام پروازوں کی بروقت روانگی یقینی بنانے کے لیے مانیٹرنگ سیل بھی قائم کر دیا گیا ہے۔