ایبٹ آباد:پاکستان ملٹری اکیڈمی (PMA) کاکول میں نئے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کی اعزازی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے، جنہوں نے پریڈ کا معائنہ کیا اور نئے افسران سے حلف لیا۔
اس تقریب میں پاک فوج کے مختلف شعبہ جات میں تربیت مکمل کرنے والے کیڈٹس شریک ہوئے، جن میں 153 واں پی ایم اے لانگ کورس اور 38 واں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 72 واں انٹیگریٹڈ کورس اور 15 واں مجاہد کورس شامل تھے۔ خواتین افسران پر مشتمل 27 واں لیڈی کیڈٹ کورس کے دستے بھی پاس آؤٹ ہونے والوں کا حصہ تھے۔
مہمانِ خصوصی ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں اعزازی شمشیر اور تمغے تقسیم کیے۔ پریڈ کے دوران کیڈٹس کے چاق و چوبند دستوں نے مہمانِ خصوصی کو سلامی پیش کی اور اپنے روایتی نظم و ضبط سے حاضرین کے دل جیت لیے۔