کراچی: پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے آٹھویں میچ میں کراچی کنگز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 56 رنز کے واضح فرق سے شکست دے دی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہونے والے اس میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔ اوپنر جیمز ونس نے 70 رنز کی جاندار اننگز کھیلی، جب کہ کپتان ڈیوڈ وارنر نے 31 اور ٹم سیفرٹ نے 27 رنز کا اضافہ کیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے صرف 119 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ ان کی جانب سے محمد عامر 30 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ سعود شکیل صرف 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی نے تین اور محمد نبی نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ بولرز کی عمدہ کارکردگی نے کوئٹہ کی بیٹنگ لائن کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔
ٹاس کے بعد کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر کا کہنا تھا کہ پچ خشک محسوس ہو رہی ہے اور پچھلے میچ میں اوس کا زیادہ اثر نہیں تھا، اسی لیے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا گیا۔
کوئٹہ کی جانب سے محمد عامر اور علی ماجد نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: سعود شکیل (کپتان)، فن ایلن، حسن نواز، کوشال مینڈس (وکٹ کیپر)، رایلی روسو، خواجہ نافع، فہیم اشرف، سین ایبٹ، محمد عامر، ابرار احمد، علی ماجد
کراچی کنگز: ڈیوڈ وارنر (کپتان)، ٹم سیفرٹ (وکٹ کیپر)، جیمز ونس، محمد ریاض اللہ، عرفان خان نیازی، خوشدل شاہ، محمد نبی، عامر جمال، عباس آفریدی، حسن علی، میر حمزہ