لندن : پاکستان انڈر 19 نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ انڈر 19 کو چوتھے یوتھ ون ڈے میں 200 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔ اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے چار میچز پر مشتمل سیریز 3-1 سے جیت لی۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 350 رنز بنائے۔ قومی ٹیم کی اننگز کا مضبوط آغاز اوپنرز عثمان خان اور جہانگیر بلال نے کیا، جنہوں نے پہلی وکٹ کے لیے 148 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔
دونوں اوپنرز نے 79،79 رنز بنائے۔ عثمان خان نے 9 چوکے اور ایک چھکا لگایا، جبکہ جہانگیر بلال کی اننگز میں 13 چوکے شامل تھے۔
انگلینڈ کی جانب سے سبحان علی نے 7 اوورز میں 55 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم پاکستانی بولنگ اٹیک کے سامنے مشکلات کا شکار ہوگئی۔ 351 رنز کے تعاقب میں انگلش ٹیم 20.4 اوورز میں 150 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
کپتان رالفی البرٹ نے انگلینڈ کی جانب سے مزاحمت کرتے ہوئے صرف 24 گیندوں پر 46 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی، جس میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔
انگلینڈ نے ابتدائی 6 اوورز میں 59 رنز بنا کر مثبت آغاز کیا، تاہم پاکستانی بولرز نے اس کے بعد مسلسل وکٹیں حاصل کرکے مقابلے پر اپنی گرفت مضبوط کرلی۔ انگلینڈ نے 108 رنز پر چوتھی وکٹ گنوائی، جس کے بعد پوری ٹیم مزید 42 رنز ہی جوڑ سکی۔
پاکستان کی جانب سے احمد حسین نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ نقاب شفیق، محمد صیام اور جہانگیر بلال نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان نے سیریز کے پہلے دونوں میچز میں کامیابی حاصل کی تھی۔ انگلینڈ نے تیسرے میچ میں فتح حاصل کرکے سیریز میں واپسی کی کوشش کی، تاہم چوتھے میچ میں پاکستان کی یکطرفہ فتح نے سیریز کا فیصلہ قومی ٹیم کے حق میں کردیا۔