دبئی:ایشیا کپ 2025 کے دوران پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ہونے والے میچ کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے متنازع میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ان کے عہدے پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے شکایت کے بعد آئی سی سی حکام کے درمیان مشاورت ہوئی، جس میں طے پایا کہ پائی کرافٹ سے آن لائن اجلاس کے دوران وضاحت لی جائے گی اور وہ اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے معافی نامہ پیش کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگرچہ پی سی بی نے ان کے عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا، تاہم آئی سی سی نے انہیں ریفری کے طور پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے معاملے کو باضابطہ انداز میں نمٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ کے بعد "ہینڈ شیک تنازع" اور ریفری کے غیرذمہ دارانہ رویے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔