اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایشیا کپ 2025 کے دوران میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے مبینہ جانبدارانہ رویے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور ایم سی سی کو باقاعدہ احتجاجی خط ارسال کر دیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایک میچ کے ٹاس کے وقت میچ ریفری نے پاکستانی کپتان آغا سلمان کو بھارتی کپتان سے ہاتھ ملانے سے روک دیا۔ اس موقع پر اینڈی پائی کرافٹ نے ٹیم کے میڈیا منیجر کو یہ بھی ہدایت کی کہ اس صورتحال کو ریکارڈ نہ کیا جائے۔
پی سی بی نے اس اقدام کو آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ میچ ریفری کو فوری طور پر ایشیا کپ کے فرائض سے ہٹایا جائے۔
مزید برآں، پی سی بی کا کہنا ہے کہ اس طرح کا رویہ کھیل کے جذبے اور اس کی غیر جانبداری کو متاثر کرتا ہے۔ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اینڈریو رسل کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ہاتھ نہ ملانے کی ہدایت بھارتی حکومت کی جانب سے دی گئی تھی، جس پر عمل درآمد کیا گیا۔
پی سی بی نے آئی سی سی سے واقعے کی مکمل انکوائری کا مطالبہ کرتے ہوئے کھیل میں مساوی سلوک اور اصولوں کی پاسداری کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔