Wed, September 16, 2026

پنجاب میں سیلاب سروے 60 فیصد مکمل، متاثرین کو باوقار طریقے سے امداد دی جائے گی: پی ڈی ایم اے

پنجاب میں سیلاب سروے 60 فیصد مکمل، متاثرین کو باوقار طریقے سے امداد دی جائے گی: پی ڈی ایم اے

لاہور: پنجاب میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد سب سے بڑا سروے جاری ہے، جس میں 27 اضلاع کے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا کے مطابق، اس وقت سروے کا 60 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، جس میں 11 ہزار سے زائد افراد اور 2200 ٹیمیں شریک ہیں۔

ان کے مطابق، 27 اکتوبر تک 4754 دیہات کا سروے مکمل کر لیا جائے گا اور اب تک 3 لاکھ 73 ہزار سے زائد متاثرہ گھروں کا سروے کیا جا چکا ہے۔ سروے میں پتا چلا ہے کہ تقریباً ایک لاکھ گھرانوں کا نقصان ہوا ہے، جن میں 31 فیصد پکے اور 69 فیصد کچے گھر ہیں۔ اس کے علاوہ، سیلاب سے 10 لاکھ 49 ہزار 635 ایکٹر فصلیں تباہ ہو چکی ہیں، جن میں چاول اور کپاس کی فصلیں خاص طور پر متاثر ہوئی ہیں۔

سیلاب نے 7 ہزار 656 جانوروں کا بھی نقصان کیا ہے، جن میں 1950 چھوٹے اور باقی بڑے جانور ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس نقصان کی تلافی کے لیے 5 لاکھ روپے بڑے جانوروں اور 50 ہزار روپے چھوٹے جانوروں کے لیے امداد کا اعلان کیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سروے کا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹل اور شفاف طریقے سے کیا جا رہا ہے، جس کی تصدیق نادرا کے ذریعے کی جا رہی ہے۔ اب تک ڈیڑھ لاکھ متاثرین کے ڈیٹا کی نادرا سے تصدیق ہو چکی ہے اور ان میں سے 75 ہزار افراد کے بینک آف پنجاب میں اکاؤنٹس کھولے جا چکے ہیں۔

عرفان علی کاٹھیا نے مزید کہا کہ امدادی رقم کی تقسیم اگلے ہفتے سے شروع ہو جائے گی۔ بینک آف پنجاب کی کیمپ سائڈز پر متاثرین کو 50 ہزار روپے نقد فراہم کیے جائیں گے، جبکہ باقی رقم ان کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی۔ متاثرین کو امداد کے لیے ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، اور بینک کی طرف سے پیغام بھیجا جائے گا تاکہ ہر شخص اپنی امداد باوقار طریقے سے وصول کر سکے۔

سیلاب متاثرین تک امداد پہنچانے کا عمل اگلے پیر سے شروع ہو جائے گا، اور پی ڈی ایم اے، نادرا اور دیگر ادارے اس عمل کو تیز کرنے کے لیے 24 گھنٹے کام کر رہے ہیں۔

ٹیگز: