Wed, September 16, 2026

پنجاب میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے امدادی اقدامات شروع، 12 ستمبر سے جامع سروے کا آغاز

پنجاب میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے امدادی اقدامات شروع، 12 ستمبر سے جامع سروے کا آغاز

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں سیلاب متاثرین کی بحالی اور امداد کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں 12 ستمبر سے جامع سروے کا آغاز ہوگا تاکہ متاثرین کو شفاف اور بروقت ریلیف پیکج فراہم کیا جا سکے۔

اس حوالے سے ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کی زیر صدارت پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس لاہور میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات، متاثرہ افراد اور فصلوں کے نقصانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا اور مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔

ریلیف کمشنر نے بتایا کہ جامع سروے میں اربن یونٹ، پاک فوج، ریونیو فیلڈ اسٹاف، زراعت اور لائیو اسٹاک محکموں کے نمائندے شامل ہوں گے۔ یہ ٹیمیں جانی نقصان، فصلوں کی تباہی، گھروں کی بربادی اور مویشیوں کے نقصان کا مکمل ریکارڈ اکٹھا کریں گی۔

اب تک کی رپورٹ کے مطابق صوبے کے 4,155 موضع جات میں 41 لاکھ 51 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثا کو فی کس 10 لاکھ روپے جبکہ تباہ شدہ پکے اور کچے گھروں کے مالکان کو بھی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

ریلیف کمشنر نبیل جاوید کے مطابق سیلاب متاثرہ کسانوں کو فی ایکڑ کے حساب سے امداد دی جائے گی، اور ہلاک شدہ مویشیوں کے مالکان کو بھی معاوضہ فراہم کیا جائے گا تاکہ معاشی نقصانات کا کچھ ازالہ کیا جا سکے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریلیف پیکج کی حتمی منظوری وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف خود دیں گی تاکہ امداد کی فراہمی میں شفافیت اور بروقت عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔

ٹیگز: