کرچای : آج پاکستان کے معروف اداکار شفیع محمد شاہ کی 18ویں برسی منائی جا رہی ہے۔ ان کی جاذب نظر شخصیت اور طاقتور آواز نے انہیں پاکستانی شوبز انڈسٹری میں ایک منفرد مقام دیا۔ شفیع محمد شاہ 1949ء میں سندھ کے شہر کنڈیارو میں پیدا ہوئے اور اپنے فنی کیریئر کا آغاز حیدرآباد ریڈیو سے کیا، جہاں سے ان کی آواز نے لوگوں کے دلوں میں جگہ بنائی۔
ٹی وی پر ان کا کیریئر اڑتا آسمان کے ذریعے شروع ہوا، لیکن ان کی شہرت کا سفر تیسرا کنارہ سے ہوا، جو ان کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوا۔ ان کے مشہور ڈراموں میں چاند گرہن، دائرے، دیواریں، جنگل، بند گلاب، کالی دھوپ اور ماروی شامل ہیں، جنہوں نے نہ صرف ان کی اداکاری کی مہارت کو اجاگر کیا بلکہ پاکستان کے ڈرامہ انڈسٹری کو ایک نئی شناخت دی۔
فلموں میں بھی انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، جیسے ایسا بھی ہوتا ہے، تلاش اور مسکراہٹ میں۔ ان کی اداکاری میں گہرائی، حقیقت پسندی اور جذبات کی شدت ایسی تھی کہ ہر کردار زندہ لگتا تھا۔
شفیع محمد شاہ کو ان کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں 1991ء میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔ ان کے انتقال کے بعد، 17 نومبر 2007ء کو انہیں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔
آج ان کی 18ویں برسی پر ان کے مداح انہیں یاد کرتے ہیں اور ان کی وہ شاندار اداکاری کبھی بھی فراموش نہیں ہوگی جو انہوں نے پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری میں کی۔ شفیع محمد شاہ کی یادیں اور ان کا فن ہمیشہ زندہ رہے گا۔