کراچی: ایران میں محصور پاکستانی شہریوں کو وطن واپس لانے کے لیے پی آئی اے نے خصوصی پروازوں کا آغاز کر دیا ہے۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کا ایک طیارہ ترکمانستان کے دارالحکومت اشک آباد کے لیے روانہ ہو چکا ہے، جہاں سے پاکستانیوں کو واپس لایا جائے گا۔
ایئرلائن ذرائع کے مطابق، ایرانی شہر مشہد سے 150 پاکستانی شہریوں کو اشک آباد منتقل کیا گیا ہے، جنہیں ایران سے نکل کر اشک آباد پہنچنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ وہاں سے انہیں خصوصی پرواز کے ذریعے پاکستان لایا جائے گا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ایرانی فضائی حدود کی بندش کے باعث یہ پاکستانی مسافر ایران میں کئی دنوں سے پھنسے ہوئے تھے، تاہم پاکستانی سفارتی عملے کی کوششوں سے انہیں اشک آباد منتقل کیا گیا ہے۔
پی آئی اے حکام کے مطابق، حکومت پاکستان کی ہدایت پر خصوصی فلائٹ آپریشن آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ باقی رہ جانے والے تمام پاکستانیوں کو بھی بحفاظت وطن واپس لایا جا سکے۔