اسلام آباد: ایران میں جاری کشیدہ حالات کے باعث پھنسے پاکستانی شہریوں کی واپسی کا عمل زور پکڑ گیا ہے۔ اب تک تین گروپس میں 670 پاکستانی اپنے وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔
پہلے گروپ میں 450 زائرین شامل تھے، جو زیارات کے لیے ایران گئے تھے لیکن جنگی صورتحال کی وجہ سے وہیں رک گئے۔
دوسرے گروپ میں 70 مزدور واپس آئے، اور تیسرے گروپ میں 150 طلبا شامل تھے جو تعلیم کے لیے ایران میں مقیم تھے۔
پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ باقی پاکستانیوں کی واپسی کے لیے بھی سرگرمیاں جاری ہیں۔ تہران میں پاکستانی سفارت خانہ مسلسل رابطے میں ہے، دفتر خارجہ اور دیگر وزارتیں نگرانی کر رہی ہیں۔
واضح رہے کہ موجودہ صورتحال کے باعث پاکستان نے ایران کے لیے عارضی سفری پابندی عائد کر دی ہے اور زمینی راستوں سے بھی آمد و رفت روک دی گئی ہے۔
پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو کے مطابق، ایران میں اس وقت بھی 40 ہزار کے قریب پاکستانی موجود ہیں اور ان کی واپسی ترجیحی بنیادوں پر کی جا رہی ہے۔