Wed, September 16, 2026

 دنیائے کرکٹ ایک عظیم کھلاڑی سے محروم ،لیجنڈری کرکٹر سر گیری سوبرز چل بسے

 دنیائے کرکٹ ایک عظیم کھلاڑی سے محروم ،لیجنڈری کرکٹر سر گیری سوبرز چل بسے

برج ٹائون :ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان اور کرکٹ کے عظیم ترین آل راؤنڈرز میں شمار ہونے والے سر گارفیلڈ سوبرز، المعروف سر گیری سوبرز، 89 برس کی عمر میں چل  بسے ۔سر گیری سوبرز نے دنیائے کرکٹ میں اپنی غیر معمولی صلاحیتوں سے ایک منفرد مقام حاصل کیا۔ وہ ایسے مکمل آل راؤنڈر تھے جنہوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

انہوں نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے 93 ٹیسٹ میچز کھیلے، جن میں 8 ہزار 32 رنز اسکور کیے اور 235 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے نام ٹیسٹ کرکٹ میں 26 سنچریاں بھی درج ہیں۔

1958ء میں پاکستان کے خلاف کھیلتے ہوئے سر گیری سوبرز نے 365 رنز ناٹ آؤٹ کی تاریخی اننگز کھیلی، جو طویل عرصے تک ٹیسٹ کرکٹ کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کا عالمی ریکارڈ رہی۔

سر گیری سوبرز نے 1968ء میں فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایک اوور کی چھ گیندوں پر چھ چھکے لگا کر تاریخ رقم کی۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے پہلے بلے باز بنے۔

انہوں نے 1965ء سے 1972ء تک ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کی قیادت کی اور اپنی جارحانہ کپتانی سے ٹیم کو عالمی کرکٹ کی مضبوط ترین ٹیموں میں شامل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

کرکٹ کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں 1975ء میں انہیں برطانوی اعزاز "نائٹ ہڈ" سے نوازا گیا، جبکہ انہیں وزڈن کرکٹرز آف دی سنچری میں بھی شامل کیا گیا۔

سر گیری سوبرز کے انتقال پر کرکٹ کی عالمی برادری نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

ٹیگز: