Wed, September 16, 2026

43 ممالک میں ہزاروں اسکائی ڈائیورز کی شرکت، ایک روز میں سب سے زیادہ جمپس کا عالمی ریکارڈ قائم

43 ممالک میں ہزاروں اسکائی ڈائیورز کی شرکت، ایک روز میں سب سے زیادہ جمپس کا عالمی ریکارڈ قائم

امریکا : دنیا کے 43 ممالک میں منعقد ہونے والے ورلڈ اسکائی ڈائیونگ ڈے کے موقع پر ایک ہی دن میں 31 ہزار سے زائد اسکائی ڈائیوز مکمل کر کے نئی عالمی تاریخ رقم کر دی گئی۔

بین الاقوامی منتظمین کے مطابق اس عالمی مہم کے دوران مجموعی طور پر 31 ہزار 75 اسکائی ڈائیوز ریکارڈ کی گئیں، جس کے نتیجے میں گزشتہ برس قائم ہونے والا 30 ہزار 351 جمپس کا عالمی ریکارڈ ٹوٹ گیا اور ایک روز میں سب سے زیادہ اسکائی ڈائیوز کا نیا ریکارڈ قائم ہو گیا۔

اس عالمی تقریب کے انعقاد میں امریکی پیراشوٹ ایسوسی ایشن، آسٹریلین پیراشوٹ فیڈریشن، برٹش اسکائی ڈائیونگ اور کینیڈین اسپورٹ پیراشوٹنگ ایسوسی ایشن نے مشترکہ کردار ادا کیا۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ اس ایونٹ میں ہر سطح کے اسکائی ڈائیورز نے حصہ لیا، جن میں پہلی مرتبہ ٹینڈم اسکائی ڈائیو کرنے والے افراد بھی شامل تھے، جبکہ پیشہ ور کھلاڑیوں نے بھی اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔

امریکی پیراشوٹ ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر البرٹ برچٹولڈ نے اس کامیابی کو اسکائی ڈائیونگ کمیونٹی کے لیے ایک تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریکارڈز بنتے ہی اس لیے ہیں کہ مستقبل میں انہیں مزید بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے ہزاروں افراد کی بھرپور شرکت اس کھیل کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ سنگِ میل نہ صرف نئے شوقین افراد کے لیے حوصلہ افزا ہے بلکہ ان تجربہ کار اسکائی ڈائیورز کی محنت، لگن اور اس کھیل سے غیرمتزلزل وابستگی کا بھی اعتراف ہے، جنہوں نے اس عالمی کامیابی کو ممکن بنایا۔
 
 
 
 

ٹیگز: