لاہور/سرگودھا : پاک فضائیہ کے افسانوی پائلٹ اور 1965 کی جنگ کے ہیرو سکواڈرن لیڈر محمد محمود عالم (ایم ایم عالم) کی 13ویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔ ایم ایم عالم وہ نام ہے جس نے محض 60 سیکنڈز کے اندر دشمن کے غرور کو خاک میں ملا کر عالمی سطح پر پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا۔
ستمبر 1965 کی پاک بھارت جنگ کے دوران ایم ایم عالم نے اپنی مہارت کا وہ لوہا منوایا جس کی مثال آج بھی دنیا بھر کی فضائی افواج میں دی جاتی ہے۔ انہوں نے اپنے ایف-86 سیبر طیارے سے دشمن کے 5 ہنٹر طیارے ایک منٹ کے قلیل وقت میں مار گرائے، جن میں سے 4 طیارے محض 30 سیکنڈ میں زمین بوس ہوئے۔
یہ کارنامہ آج بھی گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کا حصہ ہے، جسے اب تک دنیا کا کوئی بھی پائلٹ توڑنے میں ناکام رہا ہے۔ایم ایم عالم کی غیر معمولی جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کے اعتراف میں انہیں دو مرتبہ 'ستارہِ جرات' کے اعلیٰ فوجی اعزاز سے نوازا گیا۔ ان کے نام سے منسوب لاہور کی 'ایم ایم عالم روڈ' ان کی یاد کو ہر پل تازہ رکھتی ہے۔ وہ پاک فضائیہ کے نوجوان پائلٹس کے لیے ہمت اور مہارت کا استعارہ بن چکے ہیں۔
برسی کے موقع پر پاک فضائیہ کے مختلف بیسز پر تقاریب کا انعقاد کیا گیا ہے جہاں افسران اور اہلکار ان کی قبر پر فاتحہ خوانی کر رہے ہیں۔ دفاعی ماہرین کے مطابق ایم ایم عالم نے ثابت کیا کہ جنگیں صرف جدید ہتھیاروں سے نہیں بلکہ ایمان، جرات اور مہارت سے جیتی جاتی ہیں۔