Wed, September 16, 2026

بلاول بھٹو کا ڈڈیال میں خطاب، کشمیر کے مسائل کے سیاسی حل پر زور

بلاول بھٹو کا ڈڈیال میں خطاب، کشمیر کے مسائل کے سیاسی حل پر زور

ڈڈیال: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کشمیر سمیت تمام مسائل کا حل سیاسی طریقے سے ممکن ہے اور سیاسی قیادت کو عوامی مشکلات کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

ڈڈیال جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ موجودہ حالات آزاد کشمیر اور پاکستان کے لیے ایک امتحان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں کی ذمہ داری عوام کی خدمت کرنا اور ان کی آواز کو مؤثر انداز میں آگے پہنچانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی بحرانوں کے دوران غیر سیاسی اور انتہاپسند قوتوں کو جگہ ملتی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ تمام معاملات بات چیت اور سیاسی عمل کے ذریعے حل کیے جائیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر کشمیری عوام پیپلز پارٹی کو ذمہ داری دیتے ہیں تو وہ ان کی آواز بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کردار ادا کیا جائے گا۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے احتجاج کرنے والوں سے اپیل کی کہ کمیشن کی رپورٹ آنے تک احتجاج ختم کیا جائے، جبکہ حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ کمیشن کی کارروائی مکمل ہونے تک اپنی کارروائی روک دے۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج ہر شہری کا حق ہے، تاہم عوام کو مشکلات سے بچانے کے لیے اشیائے ضروریہ کی ترسیل متاثر نہیں ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ چند افراد کے عمل کی سزا پوری عوام کو نہیں دی جا سکتی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کشمیر کا بحران پوری دنیا دیکھ رہی ہے اور اس کا نقصان عام کشمیری عوام اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ریاستی رٹ قائم رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے، تاہم عوامی مسائل کا حل سیاسی انداز میں تلاش کیا جانا چاہیے۔

ٹیگز: