کالاش : چترال کی وادی کالاش کے گاؤں شیخاندہ بمبوریت میں دو روزہ مقامی سرمائی کھیلوں کا میلہ شروع ہوگیا ہے۔ یہ میلہ لوئر چترال کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے منعقد کیا گیا ہے، اور اس کا مقصد علاقے کی منفرد ثقافت اور روایتی کھیلوں کو زندہ رکھنا ہے۔
اس میلے میں وہ قدیم کھیل پیش کیے جا رہے ہیں جو نسل در نسل منتقل ہوتے آ رہے ہیں اور آج بھی بہت مقبول ہیں۔ شائقین نے بزکشی کے دلچسپ مقابلوں کا بھرپور لطف اٹھایا، جبکہ مقامی کھیل 'ہِم غال' (برفانی پولو) اور روایتی کُشتی کے مقابلے بھی توجہ کا مرکز بنے۔
مقامی کھلاڑیوں نے ان کھیلوں میں اپنی مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا اور نہ صرف مقامی افراد بلکہ سیاحوں کو بھی چترال کی قدیم کھیلوں کی روایت سے متعارف کرایا۔
ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر محمد عیسیٰ خان نے کہا کہ ان کا مقصد نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا اور اپنی روایات کو زندہ رکھنا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ میلہ نہ صرف علاقے کی تاریخ کو محفوظ کرنے میں مدد دے رہا ہے بلکہ مقامی معیشت کو بھی فروغ مل رہا ہے اور دنیا کو کالاش کی مہمان نوازی دکھانے کا اچھا موقع فراہم کر رہا ہے۔
انتظامیہ نے میلے کی تیاری کے دوران سٹیج، تماشائیوں کے بیٹھنے، سکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے مکمل انتظامات کیے ہیں تاکہ آنے والے لوگوں کو کسی بھی مشکل کا سامنا نہ ہو۔ میلے میں سیاحوں کی آمد سے مقامی ہوٹلوں، گیسٹ ہاؤسز اور دستکاری کی دکانوں کو بھی فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔