پاک بھارت کرکٹ مقابلہ صرف ایک کھیل نہیں، یہ جذبات، روایت اور قومی فخر کا امتزاج ہے، جو کروڑوں شائقین کے دلوں کی دھڑکن بن جاتا ہے۔ ہر میچ پر صرف سٹیڈیم نہیں بلکہ گلی محلوں، دفاتر اور گھروں میں بھی نظریں جمی رہتی ہیں، ہر بال، ہر وکٹ پر بحث اور تجزیے جاری رہتے ہیں۔ مگر حالیہ برسوں میں یہ روایتی سنسنی خیز مقابلہ پاکستانی شائقین کے لیے خوشی کے بجائے مایوسی کا سبب بنتا جا رہا ہے، ہر شکست کے ساتھ سوال کیا جاتا ہے: کیا پاکستانی کرکٹ سسٹم میں تبدیلی کی ضرورت ہے؟۔
کولمبو میں اتوار کو ہونے والا تازہ میچ ایک بار پھر اس تلخ حقیقت کو واضح کر گیا کہ پاکستان وائٹ بال فارمیٹ میں بھارت کے خلاف مسلسل پسپا ہے۔ گزشتہ چار ماہ میں بھارت کے ہاتھوں یہ پاکستان کی چوتھی شکست تھی، مجموعی طور پر 2017 کے چیمپئنز ٹرافی فائنل کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے 16 وائٹ بال میچوں میں سے 13 میں بھارت کامیاب رہا، صرف دو میں پاکستان نے فتح اپنے نام کی اور ایک میچ بے نتیجہ رہا۔ یہ اعداد و شمار محض شکستوں کی فہرست نہیں بلکہ پاکستانی کرکٹ کے نظام، حکمت عملی اور تیاری پر سنگین سوالات کھڑے کرتے ہیں۔
اگر دیکھا جائے تو کولمبو کے میچ میں شکست کی کئی وجوہات نمایاں ہیں۔ پاکستان کے چار بولرز، سلمان آغا، عثمان طارق، محمد نواز اور صائم ایوب نے 14 اوورز میں 87 رنز دیے، جو قابلِ قبول تھا، مگر شاہین شاہ آفریدی، ابرار احمد اور شاداب خان نے صرف چھ اوورز میں 86 رنز دے کر میچ کا رخ بدل دیا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹیم کے اہم اور تجربہ کار بولرز دبائو کے لمحات میں وہ کارکردگی نہیں دکھا سکے جس کی توقع کی جاتی ہے۔ مزید حیران کن بات یہ رہی کہ فہیم اشرف کو مسلسل تیسرے میچ میں بولنگ نہیں دی گئی، جس سے ٹیم کمبی نیشن اور کپتانی فیصلوں پر سوال اٹھتے ہیں۔یہ صورتحال محض ایک میچ تک محدود نہیں۔ پاکستانی ٹیم گزشتہ چند برس میں بھارت کے خلاف بڑے میچوں میں اعصابی دبائو کا شکار دکھائی دیتی ہے۔ 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں دبئی میں پاکستان نے تاریخی فتح حاصل کی تھی، مگر اس کے بعد صورتحال یکسر بدل گئی۔ 4 ستمبر 2022 کو ایشیا کپ میں دبئی میں پاکستان نے بھارت کو پانچ وکٹ سے شکست دی، لیکن اس کے بعد دونوں ٹیمیں چھ مرتبہ آمنے سامنے آئیں اور ہر بار فتح بھارت کے حصے میں گئی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچوں کی تاریخ پر نظر ڈالیں تو بھارت کا پلڑا واضح طور پر بھاری نظر آتا ہے۔ نو میچوں میں سے بھارت آٹھ میں کامیاب رہا، جبکہ پاکستان کو صرف ایک فتح نصیب ہوئی۔ جون 2024 میں نیویارک میں ہونے والے میچ میں پاکستان محض 120 رنز کا ہدف بھی حاصل نہ کر سکا، جو بیٹنگ لائن کی ذہنی اور تکنیکی کمزوریوں کا واضح ثبوت ہے۔ بڑے میچوں میں محتاط انداز اکثر حد سے زیادہ دفاعی بن جاتا ہے، جس سے دبائو بڑھتا اور وکٹیں گرتی جاتی ہیں۔اصل سوال یہ ہے کہ پاکستان کی ٹیم بھارت کے خلاف وائٹ بال فارمیٹ میں مسلسل کیوں ناکام ہو رہی ہے؟ جواب صرف میدان میں نہیں بلکہ باہر کے نظام میں بھی پوشیدہ ہے۔ بھارتی کرکٹ کا ڈھانچہ گزشتہ دہائی میں غیر معمولی حد تک مضبوط ہوا ہے۔ انڈین پریمیئر لیگ نے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے ساتھ کھلاڑیوں کو دبائو میں کھیلنے، جدید تقاضوں کے مطابق ڈھلنے اور مسلسل جیتنے کی عادت بھی سکھائی۔پاکستان میں ڈومیسٹک نظام میں بار بار تبدیلیاں،ہر حکومت اپنا ہی چیئرمین پی سی بی لاتی ہے ،اور پھر ایسے شخص کو لایا جاتا ہے جس کا کرکٹ سے دور کا بھی تعلق نہ ہو، غیر یقینی پالیسی، سلیکشن میں تسلسل کی کمی اور متضاد کوچنگ نظریات نے ٹیم کی بنیادیں کمزور کی ہیں۔
پاکستانی ٹیم میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، مگر استقلال اور مسلسل کارکردگی کا فقدان نمایاں ہے۔ کبھی بیٹنگ ناکام ہو جاتی ہے، کبھی بولنگ لائن دبائو برداشت نہیں کر پاتی، اور فیلڈنگ میں چھوٹی چھوٹی غلطیاں بڑے میچوں میں مہنگی ثابت ہوتی ہیں۔بھارت کے مقابلے میں پاکستان کی ٹیم اکثر منصوبہ بندی میں پیچھے رہ جاتی ہے۔ بھارتی ٹیم ڈیٹا، تجزیے اور مخصوص حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترتی ہے، جبکہ پاکستان اکثر روایتی انداز اور انفرادی کارکردگی کے سہارے کھیلتا ہے۔ کپتانی اور ٹیم مینجمنٹ بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ بڑے میچوں میں فیصلے لمحوں میں کرنا ہوتے ہیں، یہی وہ لمحے ہیں جہاں مضبوط اعصاب اور واضح حکمت عملی کامیابی کی کنجی بنتے ہیں۔
شائقین کی مایوسی بھی فطری ہے، کیونکہ پاک بھارت میچ صرف کھیل نہیں بلکہ قومی وقار کا معاملہ بن جاتا ہے۔ ہر شکست کے بعد یہی سوال اٹھتا ہے: پاکستانی کرکٹ سسٹم کب بہتر ہوگا؟ اس کا جواب وقتی تبدیلیوں میں نہیں بلکہ طویل المدتی اصلاحات میں پوشیدہ ہے: مضبوط ڈومیسٹک ڈھانچہ، میرٹ پر مبنی سلیکشن، جدید کوچنگ، اعلیٰ معیار کی فٹنس اور کھلاڑیوں کی ذہنی تربیت…یہ سب عوامل ایک ایسی ٹیم بنا سکتے ہیں جو بڑے مقابلوں میں مستقل مزاجی دکھا سکے۔پاکستان کو یہ بھی سمجھنا ہوگا کہ جدید کرکٹ صرف ٹیلنٹ سے نہیں جیتی جاتی، بلکہ تیاری، ڈیٹا اینالیسس، ذہنی مضبوطی اور پیشہ ورانہ نظم و ضبط سے جیتی جاتی ہے۔ جب تک نظام مضبوط نہیں ہوگا، فیصلوں میں تسلسل نہیں ہوگا اور کھلاڑیوں کو اعتماد نہیں ملے گا، نتائج بھی غیر مستقل ہی رہیں گے۔ کولمبو کی شکست شاید اس طویل سلسلے کی ایک اور کڑی ہو، تاہم اسے سبق بنا لیا جائے تو یہی شکست مستقبل کی کامیابیوں کی بنیاد بن سکتی ہے۔پاکستانی کرکٹ کی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ یہ ٹیم مشکلات سے ابھر کر بڑی کامیابیاں حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ جب نظام کو مضبوط بنایا جائے گا، فیصلوں میں تسلسل ہو گا اور ٹیم کو اعتماد دیا جائے گا۔تب وہ دن دور نہیں جب پاک بھارت مقابلہ ایک بار پھر پاکستانی شائقین کے لیے خوشی اور فخر کی علامت بن سکے گا۔