Wed, September 16, 2026

حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان پرامن مذاکرات کامیاب، ہڑتال ختم کرنے کا اعلان

حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان پرامن مذاکرات کامیاب، ہڑتال ختم کرنے کا اعلان

کراچی: کراچی میں حکومت اور گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے درمیان طویل مذاکرات کے بعد اتفاق رائے قائم ہو گیا، جس کے نتیجے میں ملک بھر میں جاری ہڑتال ختم کر دی گئی ہے۔

ایسوسی ایشن کے صدر ملک شہزاد نے گلبائی ٹرک اڈے پر پریس کانفرنس میں بتایا کہ حکومت نے تمام مطالبات منظور کر لیے ہیں، اسی بنیاد پر ہڑتال ختم کی جا رہی ہے۔

ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ گزشتہ 10 دنوں سے ٹرانسپورٹرز احتجاج کر رہے تھے، جس کی وجہ سے ملک بھر کی صنعتوں کو خام مال کی فراہمی میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ ہڑتال کے دوران سپلائی چین متاثر ہوئی اور کاروباری سرگرمیوں میں رکاوٹیں آئیں، جس کے نتیجے میں معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔

صدر گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ مذاکرات میں حکومت نے ایسوسی ایشن کے جائز مطالبات کو سنجیدگی سے سنا اور فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔ اب ایسوسی ایشن کے تمام اراکین نقل و حمل کی سرگرمیاں معمول کے مطابق دوبارہ شروع کر دیں گے۔

سندھ حکومت کے ترجمان اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ ٹرانسپورٹرز کے ساتھ رابطے میں رہتی ہے اور انہیں اعتماد میں لے کر فیصلے کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ہڑتال سے یہ واضح ہوا کہ احتجاج پرامن انداز میں بھی کیا جا سکتا ہے۔
 
 

ٹیگز: