Wed, September 16, 2026

پی ٹی اے اسٹیٹس چیک کرنے کا آسان طریقہ صارفین کے لیے سامنے آگیا

پی ٹی اے اسٹیٹس چیک کرنے کا آسان طریقہ صارفین کے لیے سامنے آگیا

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے شہریوں کو آگاہ کیا ہے کہ وہ نیا یا سیکنڈ ہینڈ موبائل فون خریدنے سے پہلے یہ ضرور چیک کریں کہ ڈیوائس پی ٹی اے کے قواعد کے مطابق رجسٹرڈ اور منظور شدہ ہے، تاکہ بعد میں سروسز میں کسی قسم کی دشواری سے بچا جا سکے۔

پی ٹی اے کے مطابق یہ اقدامات ڈیوائس آئیڈینٹی فکیشن، رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم (DIRBS) کے تحت نافذ کیے گئے ہیں، جس کا مقصد ملک میں غیر قانونی، کلون شدہ اور غیر رجسٹرڈ موبائل فونز کے استعمال کو روکنا ہے۔ اس نظام کے تحت ایسے موبائل فونز جن کے IMEI نمبر تصدیق شدہ نہ ہوں، انہیں نیٹ ورک سے بلاک کر دیا جاتا ہے۔

اتھارٹی نے صارفین کو موبائل فون کی PTA اسٹیٹس معلوم کرنے کے مختلف طریقے بھی بتائے ہیں۔ شہری *#06# ڈائل کر کے 15 ہندسوں پر مشتمل IMEI نمبر حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ فون کے باکس اور ہینڈ سیٹ میں درج نمبر کا تقابل بھی کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ DIRBS یا CMS موبائل ایپ کے ذریعے بھی ڈیوائس کی تصدیق ممکن ہے، اور 15 ہندسوں کا IMEI نمبر 8484 پر ایس ایم ایس کر کے بھی معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔

پی ٹی اے نے سخت تنبیہ کی ہے کہ IMEI نمبر میں کسی بھی قسم کی غیر قانونی تبدیلی، رد و بدل یا ری پروگرامنگ پاکستان کے پیکا ایکٹ 2016 کے تحت سنگین جرم ہے، جس پر تین سال تک قید، 10 لاکھ روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں۔

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف قانونی اور منظور شدہ موبائل فونز ہی خریدیں تاکہ بغیر رکاوٹ اور محفوظ موبائل خدمات سے استفادہ کیا جا سکے۔

ٹیگز: