اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف سے برطانیہ کے پارلیمانی انڈر سیکرٹری برائے مذاہب، کمیونٹیز اور آبادکاری، لارڈ واجد خان نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں مختلف شعبوں میں پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات پر گفتگو کی گئی۔
وزیر اعظم نے لارڈ واجد خان کو پاکستان میں خوش آمدید کہا اور اوورسیز پاکستانیز کنونشن میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہا اور برطانوی بادشاہ چارلس سوم اور وزیر اعظم کیئر اسٹارمر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
ملاقات کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور عوامی تبادلوں جیسے شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔ انہوں نے لارڈ واجد خان کی ان کوششوں کی تعریف کی جو وہ دونوں ممالک کے درمیان روابط بڑھانے کے لیے کر رہے ہیں۔ لارڈ واجد خان نے بھی وزیر اعظم کو اپنی حالیہ سرگرمیوں اور برطانیہ میں پاکستان کے حوالے سے جاری کوششوں سے آگاہ کیا۔