Wed, September 16, 2026

اوپن اے آئی کی تحقیق: 15 لاکھ چیٹس کی روشنی میں چیٹ جی پی ٹی کے صارفین کے استعمال کے رجحانات

اوپن اے آئی کی تحقیق: 15 لاکھ چیٹس کی روشنی میں چیٹ جی پی ٹی کے صارفین کے استعمال کے رجحانات

کیلیفورنیا: اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی کے استعمال پر اپنی سب سے بڑی تحقیق جاری کی ہے، جس میں مئی 2024 سے جولائی 2025 کے دوران 15 لاکھ سے زائد گفتگوؤں کا تجزیہ کیا گیا ہے۔

ہارورڈ یونیورسٹی کے ماہر معاشیات ڈیوڈ ڈیمِنگ کے تعاون سے تیار کی گئی رپورٹ کے مطابق، چیٹ جی پی ٹی اب صرف ایک ورک پلیس ٹول نہیں بلکہ عام زندگی کا اہم جزو بن چکا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صارفین کی 73 فیصد بات چیت ذاتی نوعیت کی ہے، جو گزشتہ سال کی نسبت نمایاں اضافہ ہے۔ لوگ اسے معلومات حاصل کرنے، تحریری کام، ای میل ڈرافٹنگ، ذاتی اظہار اور تخلیقی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

ابتدائی طور پر صارفین میں مردوں کی تعداد 80 فیصد تھی، مگر 2025 کے وسط تک خواتین صارفین کی شرح 52 فیصد تک پہنچ گئی۔ خواتین زیادہ تر تحریری اور عملی مدد کے لیے چیٹ جی پی ٹی استعمال کرتی ہیں، جبکہ مرد تکنیکی معلومات کے لیے رجوع کرتے ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ترقی پذیر ممالک میں چیٹ جی پی ٹی کو اپنانے کی رفتار زیادہ تیز ہے، جو امیر ممالک کے مقابلے چار گنا زیادہ ہے، جس سے اس ٹیکنالوجی کی عالمی مقبولیت کا اندازہ ہوتا ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق، جون 2025 تک ہونے والی گفتگو کا 49 فیصد معلومات اور رہنمائی، 40 فیصد عملی کام، اور 11 فیصد تخلیقی اور ذاتی بات چیت پر مشتمل تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی اب صارفین کے روزمرہ کے معمولات کا ایک اہم حصہ بن چکا ہے اور ان کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کر رہا ہے۔

ٹیگز: