مالاکنڈ: سوات موٹر وے پر ایک خوفناک حادثے میں 15 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جب ٹرک الٹ کر سیکڑوں فٹ گہری کھائی میں جا گرا۔
موقع پر پولیس، امدادی ٹیموں اور مقامی افراد نے فوراً پہنچ کر امداد فراہم کی۔ جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو بٹ خیلہ ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ڈی ایس پی موٹروے پولیس نورالامین کے مطابق ٹرک میں سوار تمام افراد خانہ بدوش تھے اور ان کا تعلق سوات کے علاقے بحرین سے تھا۔ یہ لوگ سردی کی شدت سے بچنے کے لیے گرم علاقوں کی طرف منتقل ہو رہے تھے۔
پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔