کراچی : کراچی کے فیڈریشن ہاؤس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں تاجر رہنماؤں نے ملکی معیشت کی بحالی کے لیے انقلابی اقدامات اور 'فیلڈ مارشل' کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرکردہ تاجر رہنما ایس ایم تنویر نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی صورت میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں ایک انعام عطا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دفاعی لحاظ سے ایشین ٹائیگر بن چکا ہے، اب ہمیں معاشی محاذ پر یہی مقام حاصل کرنا ہے۔
بھارت کے حملے کے بعد جس طرح پاکستانی پاسپورٹ کی توقیر بڑھی ہے، وہ قابلِ فخر ہے۔ محسن نقوی کی کام کرنے کی رفتار شہباز اسپیڈ سے بھی زیادہ تیز ہے، جو ملک کے لیے خوش آئند ہے۔
ایس ایم تنویر نے معاشی حقائق پر روشنی ڈالتے ہوئے انکشاف کیا کہ اس وقت 50 فیصد انڈسٹری بند پڑی ہے۔ انہوں نے کہا گزشتہ 3 سال انتہائی تکلیف دہ رہے، ایف بی آر تاجروں کو ہراساں کر رہا ہے۔ آئی ایم ایف کے نام پر ایڈوانس ٹیکس لگایا گیا، جبکہ آئی ایم ایف خود اس سے انکاری ہے۔
ہمیں 10 سالہ طویل المدتی انڈسٹریل پالیسی کی ضرورت ہے تاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو سکے۔صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے اپنے خطاب میں امن و امان کی بہتر صورتحال کو سراہا، تاہم اسٹریٹ کرائم اور سرحدی چیک پوسٹوں پر کاروباری سامان کی تاخیر کو بڑا مسئلہ قرار دیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزارت داخلہ اور بزنس کمیٹی کے درمیان باقاعدہ روابط ہونے چاہئیں تاکہ وفاق اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کی جا سکے۔ تقریب میں ڈاکٹر گوہر اعجاز، خالد تواب اور امان پراچہ سمیت کراچی کی ممتاز کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔