Wed, September 16, 2026

تاجر برادری کو بڑا ریلیف: وزیراعظم کا 15 جون تک تمام ٹیکس ریفنڈز کلیئر کرنے کا حکم، ایکسپورٹ ری فنانس اسکیم 2027 تک برقرار

تاجر برادری کو بڑا ریلیف: وزیراعظم کا 15 جون تک تمام ٹیکس ریفنڈز کلیئر کرنے کا حکم، ایکسپورٹ ری فنانس اسکیم 2027 تک برقرار

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی اعلیٰ قیادت کے وفد نے اہم ملاقات کی، جس میں آئندہ وفاقی بجٹ، معاشی ترقی اور کاروباری برادری کی تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے وفاقی بورڈ آف ریونیو (FBR) کو مبرم ہدایات جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ 15 جون تک ٹیکس ریفنڈز کے تمام زیر التوا کیسز فوری نمٹائے جائیں تاکہ تاجروں کی مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ معاشی پالیسیوں کے باعث معیشت استحکام کی طرف گامزن ہے اور صنعتی پیداوار بڑھانے کے لیے آئندہ بجٹ میں مزید خصوصی اقدامات شامل کیے جائیں گے۔

وزیراعظم نے اعلان کیا کہ پالیسی ریٹ میں حالیہ اضافے کے باوجود ایکسپورٹ ری فنانس اسکیم کی شرح جون 2027 تک 4.5 فیصد پر برقرار رکھی جائے گی۔ اس کے علاوہ، کاروباری برادری کی سہولت کے لیے پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (PRAL) کا مرکزی دفتر کراچی منتقل کرنے اور گجرات میں نئے پاسپورٹ آفس کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔

ملاقات میں وفد کے ارکان نے پی آئی اے کی نجکاری، ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن اور "وزیراعظم اپنا گھر پروگرام" کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے خطے میں امن کے لیے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ تاجر برادری گرے اکانومی کو ختم کرنے کے لیے حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔

ٹیگز: