Wed, September 16, 2026

قومی ایئرلائن کے بیڑے کی جدیدکاری، محسن نقوی کی بوئنگ حکام سے اہم ملاقات

 قومی ایئرلائن کے بیڑے کی جدیدکاری، محسن نقوی کی بوئنگ حکام سے اہم ملاقات

واشنگٹن: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکہ کے دورے کے دوران واشنگٹن میں بوئنگ کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کمپنی کے گلوبل صدر برینڈن نیلسن سے ملاقات کر کے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے لیے نئے طیاروں کے حصول سے متعلق مختلف امور پر بات چیت کی۔

ملاقات میں پی آئی اے کی نئی انتظامیہ کے نمائندے بھی شریک ہوئے، جبکہ قومی ایئرلائن کی استعداد بڑھانے اور اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

گفتگو کے دوران پی آئی اے کے بیڑے میں 16 نئے طیارے شامل کرنے کی تجویز پر نمایاں پیش رفت ہوئی۔ دونوں فریقین نے مختلف ماڈلز، خریداری کے ممکنہ طریقہ کار اور ایسے مالی و تجارتی انتظامات پر غور کیا جو قومی ایئرلائن کے لیے زیادہ سودمند ثابت ہو سکیں۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ طیاروں کی خریداری کے معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کے لیے دونوں جانب سے رابطوں اور مشاورت کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے برینڈن نیلسن کی جانب سے خریداری کے عمل میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے عالمی ہوابازی کی صنعت میں بوئنگ کی نمایاں خدمات اور جدید طیارہ سازی کے شعبے میں کمپنی کے کردار کو بھی سراہا۔

حکام کا کہنا ہے کہ 16 نئے طیاروں کی مجوزہ شمولیت پی آئی اے کی بحالی اور جدیدکاری کے منصوبے کا اہم حصہ ہے، جس سے قومی ایئرلائن کی آپریشنل صلاحیت میں اضافہ، پروازوں کے دائرہ کار میں توسیع اور مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

ٹیگز: