راولپنڈی: بلوچستان میں جاری آپریشن شعبان کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مزید اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، جس کے بعد آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی تعداد 91 تک پہنچ گئی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف مؤثر اور کامیاب کارروائیاں جاری ہیں، جن کے نتیجے میں خارجی عناصر کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دشوار گزار علاقوں میں موجود دہشتگردوں کی کمین گاہوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں مزید دہشتگردوں کا خاتمہ ممکن ہوا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 5 جولائی سے اب تک آپریشن شعبان سمیت مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 129 خارجی دہشتگرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔
ذرائع نے واضح کیا ہے کہ بلوچستان میں جاری آپریشن شعبان دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا، جبکہ سیکیورٹی فورسز علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی۔