اسلام آباد: اسلام آباد میں بغیر ایم ٹیگ والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیوں کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ شہر کے 12 اہم داخلی پوائنٹس پر ایم ٹیگ ریڈرز کو فعال کر دیا گیا ہے، جس کے تحت اب بغیر ایم ٹیگ والی گاڑیوں کو شہر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ڈی جی ایکسائز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکل سے بچنے کے لیے جلد اپنی گاڑیوں پر ایم ٹیگ لگوا لیں۔ شہر میں 16 مقامات پر ایم ٹیگ کی تنصیب کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جو 24 گھنٹے دستیاب ہوں گے۔
ڈی جی ایکسائز کا کہنا ہے کہ ایم ٹیگ کے بغیر گاڑیوں کو داخلے کی اجازت نہ دینے سے ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی اور شہریوں کو زیادہ محفوظ اور آسان سفر کی سہولت ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم ٹیگ سسٹم کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد یہ کارروائیاں شروع کی گئی ہیں تاکہ شہر میں ٹریفک قوانین کی سختی سے پیروی کی جا سکے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جلد از جلد ایم ٹیگ حاصل کریں تاکہ کسی بھی پریشانی یا جرمانے سے بچا جا سکے۔ یہ اقدام شہر میں ٹریفک کے جدید انتظامات اور شہری سہولتوں کو بہتر بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔