Wed, September 16, 2026

چین سےزرعی علوم حاصل کرنےوالےطلباکےتجربات سےفائدہ اٹھائیں گے ، وزیراعظم شہباز شریف

چین سےزرعی علوم حاصل کرنےوالےطلباکےتجربات سےفائدہ اٹھائیں گے ، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین ہمیشہ پاکستان کا قابل اعتماد دوست رہا ہے اور مشکل وقت میں ہر طرح سے ساتھ دیا ہے، یہاں تک کہ آئی ایم ایف پروگرام میں بھی بھرپور مدد فراہم کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی سکالرشپ پروگرام کے پہلے مرحلے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس کے تحت پاکستان کے 300 زرعی طلبہ کو چین میں اعلیٰ تعلیم اور تربیت کے لیے بھیجا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ پاکستان کے زرعی شعبے کے لیے ایک اہم دن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے حالیہ دورہ چین میں ایک زرعی یونیورسٹی کا دورہ کیا جو تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے حوالے سے بہت متاثرکن تھا، جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان کے زرعی گریجویٹس کو تربیت کے لیے چین بھیجا جائے۔

انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان بیجنگ اور اسلام آباد کے درمیان پل کا کردار ادا کریں گے اور جو کچھ سیکھ کر آئیں گے، اس سے پاکستان کا زرعی شعبہ مضبوط ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ سکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ کا انتخاب میرٹ پر کیا گیا ہے، اور بلوچستان کے طلبہ کو 10 فیصد اضافی کوٹہ دیا گیا ہے تاکہ سب کو برابر مواقع مل سکیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے تحفظ خوراک رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت زراعت کو ترجیح دے رہی ہے اور چین کی ٹیکنالوجی اور تحقیق سے سیکھ کر پاکستان کے کسانوں کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ چین سے جدید علم حاصل کر کے واپس آئیں گے اور یہاں کے کسانوں کو نئی تکنیکوں سے روشناس کروائیں گے۔

چینی سفیر نے بھی تقریب میں شرکت کی اور کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات ہر دن مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے چین کے حالیہ دورے کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ سی پیک کے تحت اب تک 25 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری ہو چکی ہے، جس سے روزگار کے مواقع بھی بڑھے ہیں۔

ٹیگز: