Wed, September 16, 2026

ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کی تیاری، پاکستان میں انڈر 19 سہ فریقی سیریز کا اعلان

ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کی تیاری، پاکستان میں انڈر 19 سہ فریقی سیریز کا اعلان

لاہور: پاکستان میں پاکستان، بنگلا دیش اور سری لنکا کی ویمنز انڈر 19 ٹیموں کے درمیان سہ فریقی ٹی20 سیریز کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے، تینوں ٹیمیں 2 سے 16 اکتوبر تک فیصل آباد میں ایکشن میں نظر آئیں گی۔

سیریز کے تمام 10 میچز فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، جہاں ہر میچ کا آغاز صبح 10 بجے ہوگا۔

آئندہ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے سیریز کا فارمیٹ ٹرپل راؤنڈ روبن رکھا گیا ہے۔ اس فارمیٹ کے تحت ہر ٹیم 6 میچز کھیلے گی، جبکہ لیگ مرحلے کے اختتام پر بہتر کارکردگی دکھانے والی دو ٹیمیں 16 اکتوبر کو فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔

سری لنکا کی انڈر 19 ٹیم 28 ستمبر کو پاکستان پہنچے گی، جبکہ بنگلا دیش کا اسکواڈ 29 ستمبر کو پاکستان آئے گا۔ مہمان ٹیمیں 29 ستمبر سے یکم اکتوبر تک اقبال اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشنز کریں گی۔

دوسری جانب سیریز کے لیے پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم کا 20 رکنی اسکواڈ بھی سامنے آگیا ہے، جس کی قیادت فضہ فیاض کریں گی۔ قمروش فرحان، پاکیزہ شبیر، ملائکہ سہانی اور افشین خان کو پہلی بار قومی انڈر 19 ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم بدھ سے بوڑانوالا گراؤنڈ اور اقبال اسٹیڈیم میں تربیتی کیمپ کا آغاز کرے گی، جہاں کھلاڑی سہ فریقی سیریز کے لیے اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دیں گی۔

ٹیگز: