Wed, September 16, 2026

ایشیا انڈر 12 ٹینس ایونٹ کیلئے پاکستانی بوائز اور گرلز ٹیموں کا اعلان

ایشیا انڈر 12 ٹینس ایونٹ کیلئے پاکستانی بوائز اور گرلز ٹیموں کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان ٹینس فیڈریشن نے ایشیا انڈر 12 ٹیم ایونٹ اور ایشیا ریجنل کوالیفائنگ راؤنڈ کے لیے پاکستان کے لڑکوں اور لڑکیوں پر مشتمل اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ مقابلے 11 سے 18 اپریل 2026 تک نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں کھیلے جائیں گے۔

قومی ٹیم کے چناؤ کے لیے ٹرائلز 9 سے 11 مارچ 2026 کے دوران اسلام آباد میں پاکستان ٹینس فیڈریشن ٹینس کمپلیکس میں منعقد کیے گئے۔

ان ٹرائلز میں قومی رینکنگ اور حالیہ کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے آٹھ لڑکوں اور پانچ لڑکیوں کو شرکت کے لیے بلایا گیا تھا۔

بوائز ٹیم کے لیے محمد ایان، محمد فیضان اور مصطفیٰ عزیر رانا کا انتخاب کیا گیا ہے جبکہ ایم ابراہیم حسین گل کو متبادل کھلاڑی کے طور پر رکھا گیا ہے۔

اسی طرح گرلز ٹیم میں شہنور عمر، شہرین عمر اور وجیہہ فاطمہ کو شامل کیا گیا ہے جبکہ دعا یوسف قریشی کو ریزرو پلیئر مقرر کیا گیا ہے۔

پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اور سیکرٹری جنرل نے منتخب کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ ایونٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ملک کا نام روشن کریں گے۔

ٹیگز: