دوحہ: امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے کہا ہے کہ گریٹر اسرائیل کا ایجنڈا عالمی امن کے لیے براہِ راست خطرہ بن چکا ہے۔ عرب اسلامی ہنگامی سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں امن تب ہی ممکن ہے جب مسئلہ فلسطین کا منصفانہ اور پائیدار حل نکالا جائے۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے اور انسانیت کے خلاف جرائم میں تمام حدیں پار کر چکا ہے۔ امیر قطر نے انکشاف کیا کہ حالیہ اسرائیلی حملہ قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
شیخ تمیم نے اسرائیل پر الزام عائد کیا کہ اس نے نہ صرف قطر کی ثالثی کوششوں کو سبوتاژ کیا بلکہ حماس کی قیادت کو نشانہ بنا کر امن عمل کو شدید نقصان پہنچایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی اقدامات کے خلاف اسلامی دنیا کو متحد ہو کر آواز بلند کرنا ہو گی۔
اجلاس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، ترک صدر رجب طیب اردوان، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، اردن، مصر اور تاجکستان کے صدور نے بھی شرکت کی۔