لاہور : وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جمہوریت کے عالمی دن پر کہا ہے کہ جمہوریت محض حکومت بنانے کا نظام نہیں بلکہ عوام اور ریاست کے درمیان اعتماد کا ایک مضبوط رشتہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین کی حفاظت کرنے والوں کو سلام، کیونکہ اصل طاقت عوام میں ہے اور عوام کی رائے ہی ترقی کی بنیاد ہے۔ فتنہ فساد اور تشدد کے ذریعے رائے بنانا جمہوریت کی روح کے خلاف ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ جمہوریت وہ نظام ہے جس میں اقتدار براہ راست عوام کے ہاتھ آتا ہے۔ جب جمہوریت مضبوط ہوگی تو تعلیم کے دروازے کھلیں گے، سہولیات میسر آئیں گی اور نوجوانوں کے خواب پورے ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت اختلاف رائے کو قبول کرنے کا نام ہے، دشمنی کا نہیں۔ یہی سبق ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو دینا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی جمہوریت کو نہ صرف بچانا ہے بلکہ اسے مضبوط بنا کر دنیا کے لیے مثال قائم کرنی ہے، تاکہ یہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک قیمتی سرمایہ بن جائے۔